لکھنؤ(نامہ نگار)ریاستی وزیر شہری ترقیات و اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے کہا ہے کہ بیٹری سے چلنے والے رکشوں کے معیار سے کسی بھی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے رکشوں کے لئے جو معیار مقرر کئے گئے ہیں ان پر مختلف کمپنیوں کی جانب سے فراہم کئے جانے والے رکشوں کو ہر حال میں پورا اترنا ہوگا۔ مسٹر اعظم خاں آج یہاںاسمبلی میں بیٹری سے چلنے والے رکشہ بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ان رکشوں کے ڈیزائن وغیرہ کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہری علاقوں میں ایسے رکشہ چلانے والے جو خود اپنا رکشہ چلاتے ہیں انہیں مفت میں بیٹری سے چلنے والے رکشہ دیئے جانے کی اسکیم چلائی جا رہی ہے۔اس اسکیم کے تحت ۵۰۰کروڑ روپئے کے بجٹ کا بندوبست کیا گیا ہے۔
مسٹر اعظم خاں نے کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ مقررہ معیار اور ڈیزائن کے مطابق رکشے بنا کر اس کا ایک پروٹوٹائپ جلد از جلد پیش کریں تاکہ مختلف کمپنیوں کے رکشوں کی مضبوطی ، ڈیزائن اور کارکردگی کی جانچ کر کے اسی کے مطابق رکشوں کی فراہمی تیزی سے یقینی بنائی جا سکے اور مستفیدین میں ان کی تقسیم کی جا سکے۔ ان رکشوں کے سلسلہ میںکچھ کمپنیوں نے جب مختلف سطحوں پر اٹھنے والی تکنیکی و انتظامی خامیوں کا ذکر کیا گیا تو وزیر شہری ترقیات نے انہیں یقین دلایا کہ اس قسم کی پریشانیوںکو دور کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ہر سطح پر کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی کیلئے ریاستی حکومت آنے والی ہر رکاوٹ کو تیزی سے دور کرے گی۔انہوں نے کمپنیوں کو ریاست میں بیٹری سے چلنے والے رکشہ بنانے کا کارخانہ بنانے کی بھی پیشکش کی۔ انہوںنے کہا کہ اس کام کے کیلئے وہ رامپور میں زمین دلانے کیلئے تیار ہیں۔
جلسہ میں پرنسپل سکریٹری شہری ترقیات سی بی پالیوال، سکریٹری و ڈائرکٹر سوڈا شری پرکاش سنگھ کے علاوہ آئی ٹی آئی دہلی کے پروفیسر راجا گوپال اور ۱۷کمپنیوں کے نمائندوںنے حصہ لیا۔