فلوریڈا: یوں تو وزن کم کرنے کے لیے کئی طرح کی دوائیں اور ٹوٹکے استعمال کیے جاتے ہیں لیکن اب ماہرین نے وزن کم کرنے کا انتہائی آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اگر کھاتے وقت شیشہ سامنے رکھا جائے تو یہ وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا میں 185 طلبہ پر اس حوالے سے تحقیق کی گئی اور انہیں چاکلیٹ کیک یا فروٹ سلاد میں سے کوئی ایک چیز کھانے کے لیے منتخب کرنے کا کہا گیا۔
بعد ازاں چاکلیٹ کیک منتخب کرنے والے طلبہ میں سے آدھے طلبہ کو کہا گیا کہ وہ شیشے والے کمرے میں چاکلیٹ کیک کھائیں، جبکہ دیگر طلبہ کو بغیر شیشے والے کمرے میں کیک کھانے کا کہا گیا۔
جن طلبہ نے شیشے والے کمرے میں کیک کھایا انہیں وہ کم لذیذ لگا جبکہ بغیر شیشے والے کمرے میں کیک کھانے والے طلبہ نے اسے زیادہ لذیذ بتایا۔
تاہم دونوں طرح کے کمروں میں فروٹ سلاد کھانے والے طلبہ کے رائے مختلف نہیں پائی گئی کیونکہ سلاد، چاکلیٹ کیک کے نسبت پہلے ہی کم لذیذ تھی اس لیے طلبہ کے رویے میں بھی اس سے متعلق کوئی فرق نہیں پایا گیا۔
محقیق کا کہنا تھا کہ چونکہ لوگوں کو کھاتے وقت خود کو آئینے میں دیکھنا اچھا نہیں لگتا اس لیے شیشیے والے کمرے میں چاکلیٹ کیک کھانے والوں نے خود کو بے چین محسوس کیا۔
محقیق کے مطابق اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر آپ غیر صحتمند اور وزن بڑھانے والے کھانے شیشے کے سامنے کھائیں تو یہ آپ کے لیے ایسی غذا کی عادت چھڑانے میں مددگار ہوسکتا ہے اور آپ آہستہ آہستہ صحتمند غذائیں کھانے کی عادت اپنالیتے ہیں، جس سے آپ کا وزن متوازن ہوسکتا ہے۔