نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر متوقع پاکستانی دورے سے سیاسی گلیارے میں مچی ہلچل کے درمیان سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر منی شنکر ایر نے کہا ہے کہ پاکستان کے سلسلے میں مودی حکومت کی تذبذب پر مبنی پالیسی ہے ۔مسٹر ایر نے کہا کہ چند ماہ پہلے تک وزیر اعظم مودی پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ہاتھ ملانا بھی نہیں چاہتے تھے ۔ اچانک کیا بدل گیا جو وہ مسٹر شریف کے گھر پہنچ گئے ۔ جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان سے متعلق ان کی پالیسی غیر واضح ہے ۔پارٹی لیڈر منیش تیواری نے کہا، ‘‘وزیر اعظم کے کابل سے لاہور جانے سے ان افغان فوجیوں کو غلط پیغام جاتا ہے ، جو پاکستان حامی طالبان کے خلاف لڑ رہے ہیں’’۔ کانگریس نے وزیر اعظم کے لاہور دورے کے خلاف کل سخت تنقید کرتے ہوئے اسے پہلے سے منصوبہ بند ذاتی اور تجارتی رجحانات پر مبنی دورہ قرار دیا ہے ۔