واشنگٹن: امریکہ کی وسط مغربی ریاستوں میں تقریبا ایک ہفتے سے جاری شدید طوفان، بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اب کم از کم 18 ہوگئی ہے۔ بینٹن کاونٹی میں آنے والے طوفان کے بعد سے لاپتہ ایک شخص اور ایک خاتون کی لاشیں مل گئی ہیں جس کے بعد مسی سپی میں ہلاکتوں کی تعداد 10 تک پہنچ چکی ہے۔ ٹینیسی میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آرکنساس اور الاباما میں ایک، ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اوکلاہوما اور ٹیکساس میں 16 انچ برف پڑ سکتی ہے۔ ماہرین موسمیات نے اس طوفان کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق طوفان کی تیز ہواوں نے مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ مسی سپی میں تقریبا 400 مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 56 تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین موسمیات نے کینٹکی، ایلاباما، انڈیانا، الینوئے اور مزوری کی ریاستوں میں کرسمس سے پہلے خراب موسم کی پیش گوئی کی تھی۔