داعش نے اپنے ان دسیوں دہشت گردوں کے سر قلم کر دیئے ہیں جو مشرقی عراق میں ہونے والی جنگوں سے بھاگ کھڑے ہوئے تھے-
عراق کی الرای نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ نینوا کے ایک مقامی ذریعے نے بتایا ہے کہ داعش نے اپنے تیس اراکین کو میدان جنگ سے بھاگنے کے جرم میں موت کے گھاٹ اتار دیا ہے – داعش کے ان اراکین کی عمر سولہ سال سے بھی کم تھی – داعش نے اپنے ان عناصر کو شہرموصل کے اسکوائر پر ہلاک کیا ہے-
داعش نے گذشتہ دنوں شہر موصل کے سیکڑوں نوجوانوں اور بچوں کو اغوا کر کے اپنے خصوصی کیمپوں اور اڈوں میں بھیجا جہاں انھیں قتل کرنے ، اسلحہ چلانے اور عراقی فوج کے خلاف لڑنے کی ٹریننگ دی جاتی ہے-
داعش دہشت گردوں نے اپنی پے در پے شکست اور اس گروہ کے سرغنوں اور عناصر کے فرار ہونے کے بعد عراقی فوج کے مقابلے میں لڑنے پر مجبور کرنے کے لئے بچوں اور نوجوانوں کو اغوا کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے-
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے گذشتہ روز شہر الرمادی کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا –