گیم آف تھرونز کا چھٹا سیزن آئندہ سال اپریل سے شروع ہو گا
امریکی ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ لگاتار چوتھے سال بھی انٹرنیٹ پر غیر قانونی طریقے سے سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا جانے والا ڈرامہ رہا ہے۔
انٹرنیٹ بلاگ ٹورنٹ فریک کے مطابق گیمز آف تھرونز کا پانچواں سیزن سال بھر کے دوران ایک کروڑ 44 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
گیم آف تھرونز کا نیا سیزن نشر ہونے سے قبل ’لِیک‘
اس میں سے نصف سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈنگ امریکہ میں گیمز آف تھرونز کے پریمیئر کے ایک ہفتے کے دوارن کی گئی۔
غیر قانون طور پر ڈاؤن لوڈنگ کی فہرست میں ’دی واکنگ ڈیڈ‘ اور ’دی بگ بینگ تھیوری‘ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
سال بھر کے دوارن’دی واکنگ ڈیڈ‘ 66 لاکھ مرتبہ اور ’دی بگ بینگ تھیوری‘ کو 44 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
رواں سال کے دوران ایچ بی او کے ڈرامے گیم آف تھرونزنے ایک ہی وقت میں 258000 افراد کی جانب سے شیئر کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔
انٹرنیٹ بلاگ ٹورنٹ فریک کےمطابق گیم آف تھرونز کو زیادہ تر انٹرنیٹ پر ’بٹ ٹورنٹ‘ کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
انٹرنیٹ کے ذریعے غیر قانونی ڈاؤن لوڈنگ کے یہ اعدادوشمار امریکہ میں قانونی طور ڈرامے دیکھنے والے 80 لاکھ افراد کی مقابلے میں تقریباً دوگنا ہیں۔
ڈرامے کے سیزن فائیو کی پہلی چار اقساط اپریل میں ڈرامہ شروع ہونے سے قبل ہی اُس وقت لیک ہو گئی تھیں جب ناقدین کو بھیجی گئی ایک ڈی وی ڈی کسی جعل ساز کے ہاتھی لگی اور اُس نے وہ اقساط انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کر دیں۔
گیم آف تھرونز کا چھٹا سیزن آئندہ سال اپریل سے شروع ہو گا اور اس سیزن کی فلمبندی شمالی آئرلینڈ میں ہوئی ہے۔