بھوپال: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور کان کنی و اسٹیل کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ریاست میں خشک سالی کی مار سے پریشان حال کسانوں کو قومی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے 2033 کروڑ روپے کا پیکیج دے کر وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کے کسانوں کو راحت فراہم کی ہے ۔ پارٹی کی طرف سے آج یہاں جاری بیان میں مسٹر تومر نے وزیر اعظم مسٹر مودی کے تئیں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیکج کسانوں کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے مقابلے میں مودی حکومت ریاستوں کو زیادہ پیسہ دے رہی ہے تاکہ خشک سالی کے حالات سے نمٹا جا سکے اور کسانوں کو ہونے والے نقصان کی تلافی کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کسانوں کو خشک سالی سے راحت دینے کے لئے اسمبلی کا یک روزہ خصوصی سیشن طلب کیا اور 8407 کروڑ ضمنی بجٹ کا انتظام کیا. جو کسانوں کے لئے ریاستی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا زندہ ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسانوں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے مسٹر مودی نے امدادی پیکیج دے کر ان کی پریشانیوں کو کم کیا ہے ۔ مسٹر تومر نے کہا کہ ہر وقت اورہر قدم بی جے پی حکومت اور ریاست کی شیوراج حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کسانوں کی تکالیف کے تئیں انتہائی حساس ہیں اورریاست میں خشک سالی سے متاثر کسانوں کو جنگی سطح پر راحت رقم تقسیم کئے جانے سے متعلق عمل کو آسان بنانے کے لئے وزیر اعلی ریاست کے ان کسانوں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔