رام پور:اتر پردیش کے شہری ترقی کے وزیر محمد اعظم خاں نے گوتم بدھ نگر کے دادری علاقے کے بسہاڑا میں ہوئے اخلاق سانحہ پر مرکزی وزیر مہیش شرما کے کردار کی مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)سے تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔لکھنؤ سے لوٹتے وقت کل دیر رات یہاں اسٹیشن پر نامہ نگاروں سے بات چیت میں مسٹر خاں نے دادری سانحہ کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ‘‘سب کو پتہ ہے کہ اخلاق کے گھر گائے کا نہیں بلکہ بکرے کا گوشت بر آمد ہوا تھا،پھر بھی اگر کوئی گائے کے گوشت کی بات کرتا ہے تو اس ضمن میں مسٹر مودی ہی کچھ بتا سکتے ہیں’’۔مرکزی وزیر مسٹر شرماکی بسہاڑاسانحہ کی سی بی آئی تفتیش کرانے کے مطالبے پرانہوں نے کہا کہ ‘‘ مسٹرشرما کو شاید نہیں پتہ کہ ریاستی حکومت تو پہلے ہی اس کا ارادہ کر چکی ہے ۔ہم بھی چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی سی بی آئی تفتیش ہواور اس میں ان کے کردار کی بھی تفتیش ہونی چاہیے ،کیونکہ ان پر پہلے دن سے فساد بھڑکانے کا الزام ہے ۔’’