لکھنؤ:معشوقہ کی بے وفائی سے پریشان ہوکر گزشتہ رات ایک نوجوان نے پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ نوجوان کے ہاتھ کالکھا سوسائڈ نوٹ بھی ملا ہے۔ نوٹ میں نوجوان کی معشوقہ سے بے وفائی کا ذکر کیا ہے۔ انسپکٹر بازار کھالا سی پی سنگھ نے بتایا کہ کریہٹا علاقہ میں پچیس سالہ سورج یادو اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا تھا۔ سورج مویا علاقہ میں موہت ٹینٹ ہاؤس میں کام کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی دیر رات وہ کام پر سے واپس لوٹا۔ اس کے بعد وہ اپنے کمرے میں سونے کیلئے چلا گیا۔ صبح اس کی ماں جب اسے جگانے کیلئے پہنچی تو دیکھا کہ دروازہ اندر سے بند تھا۔ آواز لگانے پر بھی اندر سے کوئی جواب نہیں ملا جس کے بعد ماںنے جب کھڑکی سے اندر جھانک کر دیکھا تو سورج کی لاش پنکھے میں گمچھے کے سہارے لٹک رہی تھی۔ بیٹے کی لاش دیکھ کر ماں نے شور مچا دیا۔ شور سنتے ہی کنبہ کے لوگ و محلہ والے جمع ہو گئے۔ لوگوں نے کسی طرح دروازہ توڑا اور سورج کی لاش کو پھندے سے نیچے اتارا اور اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس کو تفتیش کے دوران سورج کے ہاتھ کا لکھا ہوا خود کشی نوٹ ملا۔ نوٹ میں سورج نے لکھا تھا کہ وہ محلہ کی رہنے والی ایک لڑکی سے بے انتہا محبت کرتا تھا اور اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ لڑکی کے باپ نے اس پر کالا جادو کرا دیا اور لڑکی نے اس سے کنارہ کشی کر لی۔ معشوقہ کی بے وفائی سورج سے برداشت نہیں ہوئی اور سورج نے پھانسی لگاکر خود کشی کر لی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد سورج کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ۔ پولیس نے خود کشی نوٹ کو بھی اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔ فی الحال اس سلسلہ میں کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے۔