لندن:فیس بک کمپنی کا میسج ایپ واٹس ایپ کے کچھ صارفین کو اب بھی اس ایپ کے استعمال کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔اس ایپ کی خدمات یوروپ کے کئی حصوں میں کل کچھ وقت کیلئے متاثر ہوگئی تھیں جس کے بعد اس کے توسط سے پیغام بھیجنے اور وصول کرنے میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ڈاؤن ڈٹیکٹر ویب سائٹ کے مطابق ایپ کا استعمال کرنے میں برطانیہ اور مغربی یوروپ کے کچھ حصوں میں لوگوں کو دشواری پیش آ رہی ہے ۔ واٹس ایپ کے ترجمان نے بتایا کہ اب بھی کچھ صارفین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے حالانکہ اس سے پہلے کمپنی نے دعوی کیاتھا کہ تکنیکی خرابی پوری طرح دور ہوگئی ہے ۔سال نو کی شام کو ایپ میں آئی اس دشواری کے اسباب کے بارے میں کمپنی کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔ برطانیہ میں شام ساڑھے چار بجے کے بعد سے ہی اس ایپ کے توسط سے لوگوں کو پیغام بھیجنے اور موصول کرنے میں پریشانی ہو رہی تھی۔پاکستان میں یہ سروس کس حد تک متاثر ہوئی یہ بھی واضح نہیں تاہم ٹوئٹر پر واٹس ایپ ڈاؤن ہونے پر لوگوں نے کافی ٹوئیٹس کی ہیں۔