نئی دہلی: نئی دہلی کی حکومت نے شہر کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے آج سے گاڑیوں کے لیے ایون اینڈ آڈ نمبر (جفت اور طاق) کا فارمولہ لاگو کردیا۔
اس فارمولے کے تحت آج سے آدھی نجی گاڑیاں سڑکوں پر اور آدھی پارکنگ میں کھڑی رہیں گی اور کل پارکنگ میں کھڑی رہنے والی گاڑیاں سڑکوں پر آئیں گی۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے کا اطلاق ہوتے ہی ہزاروں رضا کار شہر کی سڑکوں پر آگئے اور منصوبے کے اطلاق کے لیے گاڑیوں کی چیکنگ میں ٹریفک پولیس کی مدد کی۔
خیال رہے کہ اس منصوبے میں موٹر سائیکل سمیت 25 سفری ذرائع شامل نہیں ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ فارمولہ 15 دن کے لیے لاگو کیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ عوام کی جانب سے اس منصوبے کو سراہا جارہا ہے۔
نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ منصوبہ ملک کی دیگر ریاستوں اور شہروں کو بھی آلودگی پر قابو پانے کے لیے صحیح راستہ دکھائے گا۔
نئی دہلی کے وزیر سیاحت کپیل مشرا بھی موٹر سائیکل پر اپنے دفتر پہنچے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر منصوبے کو کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ عوام اس منصوبے پر رضاکارانہ طور پر عمل کر رہے ہیں۔
منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے تقریباً 3 ہزار زائد بسیں بھی سڑکوں پر لائی گئی ہیں، جبکہ میٹرو بسوں کو بھی اس دوران زیادہ فعال بنایا گیا ہے۔