سری نگر: وادی کشمیر میں سردی کی شدت برقرار ہے جہاں شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا جبکہ 9 جنوری کو چند ایک مقامات پر بارش ہوسکتی ہے ۔ برفیلی ڈھلانوں پر دو فٹ تازہ برف جمع ہوجانے کے بعد گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ درج کی گئی۔ گذشتہ روز کے منفی 5 اعشاریہ 8 ڈگری کے مقابلے میں گلمرگ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم گلمرگ میں رواں موسم کی سرد ترین رات 24 دسمبر کو ثابت ہوئی تھی جب وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جنوبی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں بھی کم سے کم درجہ حرارت میں گراؤٹ درج کی گئی ہے ۔ گزشتہ روز کے صفر اعشاریہ صفر کے مقابلے میں وہاں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ تاہم گرمائی دارالحکومت سری نگر میں مطلع صاف اور ابرآلود رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 2 اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4 ڈگری اوپر تھا۔دوسری جانب خطہ لداخ میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے جہاں سرحدی قصبہ کرگل اور لیہہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 10 ڈگری اور منفی 9 اعشاریہ 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔