لکھنؤ:مجلس علمائے ہند نے ہندوستان میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس اور دہشت گردی کو فروغ دینے والے مولویوں کے خلاف حکومت سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔ تنظیم نے ایک بیان میںکہاکہ شیخ نمر کی پھانسی کی حمایت کرنے والے پھانسی کی مخالفت کس طرح کرسکتے ہیں ۔جبکہ یہ اسی نظریات کے ماننے والے ہیں جس نے سعودی عرب میں شیخ نمر کا سر قلم کیاہے ۔ تنظیم نے کہا کہ یہ ملک کیلئے بڑے دکھ کی بات ہے کہ ملک میں رہنے والے لوگ ملک میں کھل کر آئی ایس کی حمایت کررہے ہیں ۔ یہ مولوی اتنا بھی نہیں جانتے اجمل قصاب ایک دہشت گرد تھا ۔ جس نے ہمارے ملک میں داخل ہوکر دہشت گردانہ واردات کو انجام دیا اور شہید شیخ باقر النمر اپنے ملک میں رہ کر اقلیتوں اور حقوق انسانی کیلئے آواز اٹھارہے تھے ۔مخالفت کی اصل وجہ یہ ہے کہ سعودی دہشت گردی کے اجاگر ہوتے چہرے نے انہیں بوکھلا کر رکھ دیاہے ۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا کلب جوادنقوی نے کہا کہ یہ لوگ نہیں جانتے شیخ نمر سعودی عرب کے اقلیتی طبقہ کی آواز تھے جس میں شیعہ سنی دونوں شامل ہیں ۔ وہ حقوق انسانی تحفظ کیلئے کوشاں تھے۔ تنظیم کے مولانا جلال حیدر اورمولانا محسن تقوی نے بھی دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ۔