لکھنؤ۔سمتا پارٹی اترپردیش کے صدر ڈاکٹر کے کے ترپاٹھی کی قیادت میں سیکڑوں نوجوانوں، طلباء و مختلف جماعتوں کے لوگوں نے سمتا پارٹی کی پالیسیوں، پروگراموں میں یقین ظاہر کرتے ہوئے پریس کلب لکھنؤ میں رکنیت اختیار کی۔ ڈاکٹر ترپاٹھی نے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نظم و نسق ختم ہو گیاہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اقتدار سپرد کیا تھا لیکن آج نوجوان نا امید ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کے دورہ حکومت میں ریاست میں سیکڑوں فسادات ہوئے جس کے سبب عوام میں خوف پیدا ہوگیا ہے اور لوگ خوف میں زندگی گزارنے کیلئے مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفرنگر کے فسادات نے نظم ونسق کی قلعی کھول دی ہے۔سمتا پارٹی کے بانی جارج فرنانڈیز نے کہا ہے کہ فسادات کسی بھی قوم کے مفاد میں نہیں ہے بلکہ اس سے انسانیت شرمسار ہوتی ہے اور ریاست کی ترقی رک جاتی ہے۔ ڈاکٹر ترپاٹھی نے مزید کہا ریاست میں بجلی کی قیمتوں میں حکومت نے زبردست اضافہ کیا ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے۔ کسان ، تاجر، مزدور بجلی کی شرح میںاضافہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی شرح میں ۵۰ فیصد تخفیف کی جائے اور بجلی کمپنیوں کا آڈٹ کرایا جائے۔ سماج وادی پارٹی کی حکومت نے تعلیم میں دوہرا نظام نافذ کیا ہے جس کی وجہ سے افسران ، ارکان اسمبلی، وزراء اور امیر طبقہ کے بچے مہنگے پرائیویٹ اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ کسان، مزدور اور غریبوںکے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھ رہے ہیں جہاں بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔ سمتا پارٹی کے سابق علاقائی صدر آشیش شریواستو نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس، سما جوادی پارٹی وبی ایس پی کی عوام مخالف پالیسیوں کے سبب عوام گرانی اور بدعنوانی سے جنگ آزما ہیں۔ مذکورہ سیاسی جماعتیں عوام کے پیسہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی رقم لیپ ٹاپ و سیفئی مہوتسومیں خرچ کی جا رہی ہے جس کے سبب ریاست کی ترقی رک گئی ہے۔ ریاست میں کوئی بھی صنعت کار صنعت قائم کرنے کا خواہشمند نہیں ہے۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر منورام مشر نے کہا کہ سماج وادی پارٹی حکومت کا ڈاکٹر لوہیا کے سوشلزم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سماج وادی پارٹی نے ڈاکٹر لوہیا کے اصولوں کو فراموش کر دیا ہے اور کنبہ پروری میں تبدیل کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سمتاپارٹی کی ڈاکٹر لوہیا و جارج فرنانڈیز کے اصولوں پر چلنے والی حقیقی سماج وادی پارٹی ہے۔ جلسہ کو ندیم حسنین، امویکیشور سنگھ، دلیپ یادو اور جتیندر کمار وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔