لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ شہری ترقیات و اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اعظم خاں نے ہندوستان کی جانب سے شری ہری کوٹہ رینج سے جی ایس ایل وی- ۵ راکیٹ کو کامیابی کے ساتھ چھوڑے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسرو کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سائنسدانوں نے پوری دنیا کو دکھادیا ہے کہ ہمت اور ٹکنالوجی کے میدان میں ہندوستان کسی سے کم نہیں ہے۔ مسٹر خان نے کہا کہ جس ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جی ایس ایل وی راکیٹ کو کامیابی کے ساتھ مدار پر بھیجا گیا۔ مذکورہ ٹکنالوجی کو کچھ میدانوں میں استعمال کرنے سے انکار کرد یاگیا تھا لیکن ہمارے سائنسدانوں نے اس کو مثبت شکل میں لیا اور ملکی ٹکنالوجی کو ترقی دینے میںمصروف ہو گئے۔ آخر کار وہ اس میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ان سائنسدانوں نے دنیا میں ہندوستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے اورہم سب کو اس پر فخر ہے۔