بیکانیر:راجستھان کے بیکانیر مرکزی جیل میں کل ایک سزا یافتہ قیدی نے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔جیل کے ذرائع نے آج بتایا کہ قیدی کنال شاہ (32) دیگر قیدیوں کے ساتھ دوپہر تقریبا سوا چار بجے تک جیل فیکٹری میں کرسی بنائی کاکام کر رہا تھا۔ اس کے بعد جب دوسرے قیدی کام ختم کرکے بیرکوں کی طرف جانے لگے تو وہ باتھ روم کی طرف چلا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کچھ دیر تک وہ باتھ روم سے واپس نہیں آیا تو دوسرے قیدی اس کی تلاش میں باتھ روم کی طرف گئے تو وہ پیچھے کی طرف کرسی بنائی والی ڈوری سے لٹکا ہواملا اور قیدیوں نے اسے فوری طور پر نیچے اتارا اور سنتریوں کو اس کی اطلاع دی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت تک اس کی سانس چل رہی تھی۔ جیل میں واقع اسپتال میں اسے لے جایا گیا جہاں کچھ دیر بعد ہی اس کی موت ہو گئی۔لاشوں کو رکھنے والے گھر میں اس کی لاش رکھی گئی ہے اوراب عدالتی مجسٹریٹ کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بنیادی طور پر احمد آباد کے رہائشی کنال شاہ کو اپنے لواحقین کے قتل کے الزام میں تقریبا ایک سال پہلے آبوروڈ میں عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی اور جودھپور جیل سے اسے گزشتہ سال ہی بیکانیر سنٹرل جیل بھیجا گیا تھا۔