سری نگر: وادی کشمیر بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کے دوران درمیانی درجے کا زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ یہ سال 2016 میں وادی کشمیر میں آنے والا تیسرازلزلہ تھا۔ اس سے قبل 8 جنوری کو وادی میں 5 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ نصف شب آنے والے اس زلزلے کی وجہ سے وادی کے کچھ علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ یہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران وادی میں آنے والا پانچواں زلزلہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے رات ایک بجکر 34 منٹ پر محسوس کئے گئے جو کئی سینکڑوں تک جاری رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 8 درج کی گئی، کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش پہاڑیوں میں کہیں تھا۔ اس زلزلے میں کسی بھی طرح کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیر میں گذشتہ سال کے 25 اور 26 دسمبر کی درمیانی رات کے دوران آنے والے 6 اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے کے باعث دو افراد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ 29 دسمبر کی صبح آنے والے 3 اعشاریہ 2 شدت کے زلزلے کی وجہ سے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک سرکاری اسکول کی عمارت کا ایک حصہ گرگیا۔ جموں وکشمیر کے بیشتر علاقے زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔