لکھنؤ:اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں کل سے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس)کا تین روزہ اجلاس شروع ہونے جا رہا ہے ۔سنگھ کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اجلاس میں تنظیم کے نائب چیف دتا تریہ ھوسبولے موجود رہیں گے ۔ اس اجلاس میں سنگھ کے شہر اور اضلاع سے لے کر صوبائی سطح تک کے عہدیداروں کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ آخری دن سنگھ سے متعلقہ دیگر تنظیموں کے عہدیداروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان عہدیداروں کو سنگھ کی شاخوں کے حالات اور ان کی توسیع وغیرہ کے بارے میں معلومات کے ساتھ بلایا گیا ہے ۔ ساتھ ہی تنظیم کی طرف سے مقامی سطح پر کئے گئے سماجی کاموں کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کے لیے کہا گیا ہے ۔ اجلاس میں صوبے میں 2017 کے انتخابات اور ایودھیا واقع رام جنم بھومی مندر کی تعمیر پر بھی بحث ہونے کا امکان ہے ۔ اس دوران کاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ 2014 میں لکھنؤ میں ہوئے سنگھ کے مرکزی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر اتر پردیش میں عمل آوری پر بھی بات چیت کی جائے گی۔