نئی دہلی:بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی کو آج سالگرہ کے موقع پراس وقت زبردست جھٹکا لگا جب پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن جگل کشور بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔جگل کشور نے یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کی رکنیت قبول کی۔ا س دوران اترپردیش بی جے پی کے صدر لکشمی کانت واجپئی اور پارٹی امور کے انچارج اوم پرکاش ماتھر بھی موجود تھے ۔
مسٹر واجپئی نے کہا کہ مسٹر جگل کشور کو بی جے پی میں شامل کرکے پارٹی نے محترمہ مایاوتی کو سالگرہ کا تحفہ دیا ہے ۔مسٹر جگل کشور نے بعد میں مایاوتی پر دلت ووٹوں کی تجارت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب وہ دلت کی بیٹی نہیں بلکہ دولت کی بیٹی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مایاوتی نے کانشی رام کے مشن کو فروخت کردیا ہے اور اب بی جے پی کانشی رام اور بابا صاحب امبیڈکر کا مشن پورا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی ایس پی میں ایک عرصے سے گھٹن محسوس کررہے تھے ۔