بھارت میں دہلی کی ریاستی اسمبلی میں تاریخ ساز کامیابی کے بعد بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آنے والی نوزائیدہ پارٹی عام آدمی پارٹی نے اس سال ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔ یہ بات عام آدمی پارٹی کے ایک اہم رکن نے کہی ہے۔
یوگیندر یادو نے کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے لیے ملک کی 15 سے 20 ریاستوں میں عام آدمی پارٹی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گي۔
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کی تشکیل کو ابھی کچھ زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں اور اس نے دہلی ریاست میں کانگریس کی خارجی حمایت سے حکومت بنا لی ہے۔
اس پارٹی کی سربراہی اروند کیجریوال کر رہے ہیں جو کہ بدعنوانی کے خلاف تحریک کے ایک کارکن تھے اب وہ دہلی کے نئے وزیر اعلی ہیں۔
کیجریوال کی پارٹی نے گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں دہلی کی 70 ریاستی سیٹوں میں سے 28 سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ انھیں یہ کامیابی بدعنوانی کے خاتمے اور سیاست کو شفاف بنانے کے ان کے عہد کے لیے ملی ہے۔
انتخاب لڑنا طے
“ہر چند کہ یہ طے ہے کہ ہم عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر انتخابات لڑیں گے لیکن ابھی یہ طے نہیں ہے کہ آیا ہم تمام کی تمام 545 سیٹوں پر انتخابات لڑیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم 20-15 ریاستوں میں انتخابات لڑیں گے۔”
یوگیندر یادو
دہلی میں ملنے والی کامیابی سے حوصلہ پاتے ہوئے پارٹی نے آئندہ اپریل یا مئی کے مہینے میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھی حصہ لینے کی تصدیق کی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما یوگیندر یادو نے اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’ہر چند کہ یہ طے ہے کہ ہم عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر انتخابات لڑیں گے لیکن ابھی یہ طے نہیں ہے کہ آیا ہم تمام کی تمام 545 سیٹوں پر انتخابات لڑیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم 20-15 ریاستوں میں انتخابات لڑیں گے۔‘
واضح رہے کہ بھارت میں مجبموعی طور پر 28 ریاستیں ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے لیے امیداواروں کی پہلی فہرست زبردست جانچ پڑتال کے بعد 20 جنوری تک جاری کر دی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ ایسے امیدواروں پر غور نہیں کیا جائے گا جن پر بدعنوانی کے الزام ہو یا ان پر مجرمانہ مقدمات چل رہے ہوں۔
انھوں نے کہا کہ پارٹی اروند کیجریوال کی قیادت میں ہی انتخابات لڑے گی۔ بہر حال انھوں نے واضح کیا کہ ’ابھی پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار کے نام کا اعلان قبل از وقت ہوگا۔‘
دریں اثنا پارٹی نے ملک گیر پیمانے پر پارٹی کا رکن بنانے کی مہم کا اعلان کیا ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پارٹی میں شمولیت کے لیے حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
عام آدمی پارٹی جس کا انتخابی نشان جھاڑو ہے اس کی پیدائش دو سال قبل بدعنوانی کے خلاف پیدا ہونے والی عوامی تحریک میں مضمر ہے۔