لکھنؤ:ہائی ٹینشن لائن کے نیچے مکان بنوارہے کلدیپ یادو کے گھر کام کرنے والے بجلی مستری کی کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی ۔ چشم دید گواہوںنے پولیس کو بتایا کہ جس وقت مزدور موہت کو کرنٹ لگا وہ مکان مالک کے ساتھ چھت پر کھڑا انچی ٹیپ سے کچھ ناپ رہاتھا ۔اسی دوران وہ چھت کے اوپر سے گزررہی ۳۳کیوی کی لائن کی زد میں آگیا ۔کرنٹ لگنے سے وہ بری طرح سے جھلس گیا اور موقع پرہی اس کی موت ہوگئی ۔ اندرا نگر تکروہی بازار میں رہنے والے کلدیپ یادو کے گھر چھت تعمیر ہورہی تھی ۔ اسی دوران ایک بجلی مستری موہت ۳۰ سالہ چھت پر کلدیپ کے ساتھ آیا تھا ۔
گورکھپور کا رہنے والا موہت چھت پر بجلی کے پائپ ڈالنے گیاتھا ۔ موہت کلدیپ کے ساتھ انچی ٹیپ لیکر پائپ وغیرہ کی پیمائش کررہاتھا ۔ اسی دوران موہت چھت کے اوپر سے گزررہی ہائی ٹینشن لائن ۳۳ کیوی کی زد میں آگیا اور تار نے اسے اپنی جانب کھینچ لیا ۔ کرنٹ لگنے سے وہیں گر گیا اور اس کے کپڑوں میں آگ لگ گئی موہت کو کرنٹ لگا دیکھتے ہی کلدیپ وہاںموجود دیگر لوگ زور زور سے چیخنے لگے ۔ ابھی کوئی کچھ کرپاتا اس سے قبل ہی موہت وہیں گر پڑا اور اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ موہت کی موت کے بعد وہاں لوگ جمع ہوگئے اور واقعہ کیلئے کلدیپ کو ذمہ دار ٹھہرا نے لگے ۔ فی الحال دیر شام تک پولیس میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیاگیا ۔