نئی دہلی:قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ ایک ہفتہ سے سخت سردی کا موسم بدستور جاری ہے ، جس کا اثر آج بھی بنا ہوا ہے اور آج سخت سردی کے ساتھ کہرا زیادہ ہونے کے سبب ٹرینیں اور پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ آج صبح دہلی والوں کو سخت سردی کا احساس ہوا اور دوپہر تک آسمان ابر آلود رہا۔
قومی راجدھانی میں کم سے کم درجہ حرارت اگر چہ 8.9 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو کہ معمول سے دو درجہ زیادہ ہے ، لیکن دھوپ نہ نکلنے اور سرد ہواؤں کی باعث ٹھنڈی زیادہ تھی۔
سخت کہرا ہونے کی وجہ سے تاریکی چھائی رہی، جس کے سبب صبح آٹھ بجے تک حد بصارت کی سطح 300 میٹر تک تھی ، جس سے ٹرینوں اور طیاروں کی خدمات میں تاخیر ہوئی۔
شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صبح اوقات میں چلنے والی 14 ٹرینیں کہرے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئیں ہیں۔
آئي جی آئي ایئر پورٹ پر فلائٹ شیڈول بھی حد بصارت کی سطح کم ہونے سے متاثر ہوا ہے ۔
کہرے اور سخت سردی کا موسم آئندہ مزید چند دنوں تک برقرار رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15 سے 16 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئي کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران آسمان جزوی طورپر ابرآلود رہے گا اور صبح کے اوقات میں معتدل تا سخت کہرا ہوگا۔
واضح رہے کہ نئے سال میں جنوری کے پہلے ہفتے میں موسم خلاف معمول نسبتا زیادہ گرم ہونے کے بعد دہلی میں گزشتہ ایک ہفتہ سے سخت سردی کی لہریں جاری ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سلسیس تک نیچے آچکا ہے ۔