پشاور:پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبرپختونخوا میں واقع باچا خان یونیورسٹی میں کہرے کا فائدہ اٹھاکر مسلح دہشت گرد داخل ہو گئے ہیں اور اندر فائرنگ جاری ہے نیز دو دھماکے سنے گئے ہیں جب کہ ان کے خلاف آپریشن کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے ۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں کیمسٹری کے ایک پروفیسر ہلاک اور 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق اب تک دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے ، تاہم اب بھی کچھ مسلح دہشت گرد یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر موجود ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی سے تاحال سات جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد ممکنہ طور پر بیس اور زخمیوں کی پچاس تک ہو سکتی ہے ۔