حیدرآباد:سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں دلت ریسرچ اسکالر روہت ویمولا کی خودکشی کا سبب بننے والے حالات کیلئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی وزرا کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے آج یونیورسٹی پہونچ کر معطل احتجاجی طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے یگانگت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو سیاسی نکتہ نظر سے مرکزی حکومت ہندو راشٹر کے مطابق تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستور کی خلاف ورزی ہے اور اسے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک یونیورسٹی میں 12طلبہ نے خودکشی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تقرری ہی مشکوک طور پر کی گئی اور یہ معاملہ بالکل سیاسی نوعیت کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن حالات میں وائس چانسلر کو مقرر کیا گیا ہے وہ بھی ایک تنازعہ کا سبب بنا ہے ۔