نئی دہلی:قومی راجدھانی دہلی کے باشندوں کو آج صبح سخت ترین سردی کا احساس کرنا پڑا ، جہاں موسم کا سب سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سلسیس درج کیا گیا جو معمول سے تین درجہ کم ہے ، جبکہ شدید کہرے کے سبب ٹرینوں اور گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سلسیس کے آس پاس جاسکتا ہے ۔ شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کہرے کی وجہ سے مجموعی طورپر 35 ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں اور 14 ٹرینیں تاخیر کا شکا ر ہوئي ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران آسمان عام طورپر ابر آلود رہے گا اور صبح کے اوقات میں معتدل تا شدید کہرا ہوگا۔جنوری کے پہلے ہفتے میں خلاف معمول د موسم نسبتا گرم ہونے کے بعد گزشتہ ایک ہفتہ سے قومی راجدھانی میں سخت سردی کی لہریں جاری ہیں، جبکہ گزشتہ دو دنوں میں سرد لہروں کی وجہ سے سات لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔