نئی دہلی:قومی راجدھانی دہلی میں آج بھی سخت سردی کاسلسلہ جاری رہا اور گھنے کہرے کے ساتھ کم از کم درجہ حرارت4.6 درج کیا گیا جو معمول سے تین ڈگری کم ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے یہ اطلاع دی ہے ۔
اس نے بتایا دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19ڈگری سلسیس رہنے کا امکان ہے ۔صبح آٹھ بجے حد بصارت صفر سے 300میٹر کے درمیان رہی۔
شمالی ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا مجموعی طور پر 30ٹرینیں منسوخ اور 20تاخیر سے چل رہی ہیں۔
جنوری کے پہلے ہفتے میں خلاف معمول گرم موسم رہنے کے بعد دہلی میں گزشتہ ایک ہفتہ سے سخت سردی جاری ہے اور کل اس موسم کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ تین دنوں میں شہر میں سردی کی وجہ سے تین اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ چونکہ موسم سرما کی آمد تاخیر سے ہوئی ہے اس لئے اس کے دیر تک رہنے کا امکان ہے ۔