لکھنؤ:مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے بدعنوانی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔
ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ٹکنیکل یونیورسٹی کے 13 ویں کنووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں بدعنوانی ختم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے ۔ اس کے لئے ای گورننس کا سہارا لیا جا رہا ہے جس سے شفافیت کے امکانات میں اضافہ ہوجائے گا۔
ملک میں سائبر جرائم کی بڑھتی تعداد پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے جہاں ترقی کے نئے راستوں کی تخلیق ہوتی ہے وہیں اس کا غلط استعمال مہذب معاشرے کے لئے خطرے کا سبب بنتا ہے ۔ سائبر جرائم کو ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی دور کیا جا سکتا ہے ۔
بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سے سبق حاصل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھنؤ کے رہنما نے کہا کہ تعلیم سے معلومات حاصل کی جاتی ہے مگر استاذ، انسان کے کردار و خیالات کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔