بارہ بنکی (نامہ نگار)اوٹی ٹیکنیشین کے عہدہ پر تقرری کو شامل نہ کئے جانے کے سلسلہ میں اوٹی ٹیکنیشن اترپردیش کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ کو مخاطب چار نکاتی عرضداشت صدر رکن اسمبلی دھرم راج سنگھ کو سپرد کی گئی۔ اس سلسلہ میں صدر رکن اسمبلی نے کہا کہ طبی معاملات سے متعلق مسائل وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھتے ہوئے انہیں جلد سے جلد حل کرایا جائے گا۔ عرضداشت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اترپردیش کے تمام پیرامیڈیکل کے تحت اوٹی ٹیکنیشین (آپریشن تھیٹر) کے جن امیدواروں نے ڈپلومہ کا کورس مکمل کرلیا ہے ان امیدواروں کی تقرری ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ ریاست کے تمام پرائمری صحت واجتماعی صحت مراکز اور ضلع اسپتالوں میں اترپردیش اسٹیٹ میڈیکل فیکلٹی میں رجسٹر ڈ اوٹی ٹیکنیشین کی بھرتیاں نہیں نکالی گئیں جبکہ دیگر پیرا میڈیکل عہدوں پر تقرری وقتاً فوقتاً کی جاتی رہیں ہیں۔
عرضداشت میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست میں تین ہزار سے زائد اوٹی ٹیکنیشین بے روزگار ہیں۔ جن کے نام میڈیکل شعبہ میں رجسٹرڈ ہیں۔ مذکورہ بے روزگار امیدواروں کو بے روزگاری کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ اور انہیں ذہنی پریشانیوں سے بھی دوچار ہونا پڑرہاہے۔