نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پٹیالہ ہاؤس عدالت میں صحافیوں ، جواہر لعل نہرو (جے این یو) کے طلبا اور اساتذہ کے داخلے کو محدود کردیاہے ۔یہاں طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کے خلاف ایک معاملے کی آج سماعت ہونی ہے ۔جے این یو تنازعہ سے متعلق آج ایک عرضی پر اپنے عبوری حکم میں عدالت عظمی نے کہا کہ عدالت میں صرف پانچ صحافی، پانچ وکلا،یونیورسٹی کے دو طلبا اور دو اساتذہ کے ساتھ ساتھ ایک تفتیشی افسر کے داخلے کی اجازت ہوگی۔جے این یو کے ایک سابق طالب علم جے پرکاش نے کل مفاد عامہ کی ایک عرضی داخلی کرکے کنہیا کمار اور صحافیوں کے تحفظ اور ان لوگوں کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی جو 15فروری کو جے این یو طلبا یونین کے لیڈر کی عدالت میں موجودگی کے دوران لوگوں پر حملہ کرنے میں ملوث تھے ۔جے این یو کیمپس میں 9 فروری کو ہئے پروگرام کے سلسلے کنہیا کمار پر غداری کا الزام عائد کیاگیا ہے جس کے دوران ہندستان مخالگ نعرے لگائے گئے تھے ۔