لکھنؤ:جواہرلال نہرو یونیورسٹی (جے این یو)کی آنچ اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں واقع کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) تک بھی پہنچ گئی ہے ۔جے این یو کے حالیہ تنازعہ کے سلسلے میں کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کے بیان سے ناراض ایک طالب علم نے انہیں کے جی ایم یو کے ذہنی امراض کے شعبہ میں نہ صر ف علاج کرانے کی صلاح دی بلکہ ان کے نام کا پرچا بنوا کر انہیں بطور مریض رجسٹر بھی کروا دیا۔یہ معاملہ سامنے آتے ہی یونیورسٹی انتظامیہ نے فوراً حرکت میں آکر طالب علم کو معطل اور پرچا بنانے والے کلرک کو برخاست کر دیا ۔
یونیورسٹی کے پراکٹر ڈاکٹر وید پرکاش نے آج ‘‘یواین آئی’’کو بتایا کہ کیمپس میں کسی طرح کی سیاست برداشت نہیں کی جائے گی ۔سبھی لیڈر احترام کے قابل ہیں۔نظریاتی اختلافات کے باوجود کسی کو ان کی توہین کرنے کا حق نہیں ہے ۔ڈاکٹر پرکاش نے کہا کہ کیمپس کوہر طرح کی سیاست سے پاک رکھنے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ محتاط ہے ۔اس کے لئے جو بھی کرنا ہوگا کیاجائے گا۔دریں اثنا ،معطل طالب علم ڈاکٹر ونود کمار نے کہا کہ مسٹر گاندھی کے بیانوں سے لگتا ہے کہ ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔انہیں علاج کی ضرورت ہے ،اس لئے ان کا ذہنی امراض کے شعبہ میں اندراج کرایاگیا۔