نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ملک سے بغاوت کے الزام میں گرفتار جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کی ضمانت کی درخواست پر فی الحال سماعت سے آج انکار کرتے ہوئے انہیں دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے لیے کہا ہے ۔
جسٹس جستی چیلمیشور اور جسٹس ابھے منوہر سپرے کی بینچ نے کنہیا کی جانب سے سینئر وکیل سولی سہراب جي اور راجو رامچندرن کی دلیلیں سننے کے بعد کہا کہ عدالت عظمی اگر براہ راست اس معاملے میں مداخلت کرتی ہے تو اس طرح ایک غلط پیغام جائے گا۔عدالت نے درخواست گزار کو دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مرکزی حکومت اور دہلی پولیس کو بھی کنہیا کو کافی تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔