میرٹھ: نئی دہلی میں واقع جواہر لال نہرو یونیورسٹی(جے این یو) میں ملک مخالف نعرے لگانے والے طالب علموں کی حمایت کرنے پر کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے خلاف یہاں کی ایک عدالت میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔
عدالت نے معاملے کی سماعت کے لئے 22 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے ۔
میرٹھ کے راجکمار کوشک نے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں یہ معاملہ دائر کیا ہے جس میں دلیل دی گئی ہے کہ ملک سے بغاوت کے ملزم کی حمایت کرنا بھی ملک سے بغاوت کے مترادف ہے ۔ ملک مخالف نعرے بازی کرنے والوں کی حمایت میں آئے مسٹر گاندھی نے عام لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔
مسٹر کوشک کے وکیل نریش دت نے بتایا کہ معاملہ میں مطالبہ کیا گیاہے کہ مسٹر گاندھی کو عدالت میں طلب کر کے سزا دی جائے ۔ اس معاملے میں عدالت نے گواہی اور آئندہ سماعت کے لئے 22 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے ۔