نئی دہلی:دہلی حکومت نے ہفتہ کو اس بات کی تصدیق کی کہ جے این یو تنازعہ سے منسلک ویڈیوز کی مصدقہ جانچ
کے لئے اسے فارنسک انکوائری لیبارٹری بھیجا گیا ہے ۔ دہلی حکومت نے جے این یو احاطے میں 9 فروری کو مبینہ ملک مخالف نعرے
لگائے جانے کے معاملے کی مجسٹریٹ تحقیقات کا حکم 13 فروری کو ہی دے دیا تھا۔ نعرے بازی کا جو ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا تھا
اس کے پیش نظر کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کچھ سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے اس میں چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا اور کہا ہے کہ یہ
ویڈیو جعلی اور نقلی ہے جبکہ دوسری طرف کا کہنا ہے کہ ویڈیو مکمل طور پر درست ہیں۔ دہلی حکومت نے ان دعووں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ویڈیو کو جانچ کے لئے فارنسک لیبارٹری بھیجا ہے ۔اس ویڈیو میں جے نے یو اسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار اور کچھ دوسرے طالب علم ملک مخالف نعرے لگاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔اس ویڈیو کی بنیاد پر ہی کنہیا کو ملک کے خلاف غداری کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے اور کچھ دوسرے طالب علموں کو بھی اسی معاملے میں ملزم بنایا گیا ہے ۔