بغداد:عراق کے مشرقی صوبہ دیالا میں ایک جنازے میں خودکش بم حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 40 ہوگئی ہے ۔
سیکورٹی اور طبی ذرائع نے بتایا کہ راجدھانی بغداد سے 80 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع مقدادیہ میں ہوئے اس حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ دارالحکومت بغداد کے شمال میں اس وقت ہوا جب لوگ قبرستان میں تدفین کے لیے جمع تھے ۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اہم شیعہ رہنما شامل ہیں۔
خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
خبر رساں ادارے رائٹر نے سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا کہ پیر کو ہونے والے خود کش حملے میں دو شیعہ کمانڈروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک جنازے میں شریک تھے ۔
اہلکاروں کے مطابق خود کش حملہ آور شیعہ کمانڈروں کی جانب بڑھا اور اس نے بارود سے بھری واسکٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ عراق میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد اکثر سنی تشدد پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بنتے رہتے ہیں۔