نئی دہلی: حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے آگرہ میں مرکزی وزیر رام شنکر کٹھاریا کی جانب سے کی گئی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی ۔
انہوں نے احاطہ پارلیمنٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رام شنکر ونڈے کرکٹ میچ کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا انسان کی جان کی کوئی قیمت نہیں ہے ۔ رام شنکر دونوں طبقات میں خلیج میں اضافہ کرنے کی باتیں کررہے ہیں ۔
ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات153(A) اور295 کے تحت اترپردیش کی ایس پی حکومت کی جانب سے معاملہ درج کرنا چاہئے ۔ صدر مجلس نے کہا کہ انہیں مرکزی وزیر کے اس بیان پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی کیونکہ مودی کے وزرا کی اشتعال انگیزی کا رویہ مسلسل جاری ہے ۔
صدر مجلس نے کہا کہ ہندو توا کے فروغ کے اصل ایجنڈے پر حکومت بے نقاب ہوگئی ہے ۔ وزیر نے ایسی زبان کا استعمال کیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہیکہ وہ آگرہ میں تعزیتی جلسہ کیلئے نہیں بلکہ عوام کو مشتعل کرنے کیلئے گئے تھے تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلائی جاسکے ۔
دستور کے نام پر حلف اٹھانے والے وزیر کے ایسے اشتعال انگیز بیان سے مختلف طبقات میں اختلافات پیدا ہوں گے جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس وزیر کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے اور اسے کابینہ سے برخاست کرنا چاہئے ۔