لکھنؤ:ٹھاکرگنج علاقے میں رہنے والی ایک خاتون نے منگل کی صبح گھرمیں خود کو آگ لگاکر جان دیدی ۔ بتایاجاتاہے کہ خاتون نے معاشقے کے سبب خودسوزی کی ہے ۔وہیں سروجنی نگر علاقے میں رہنے والے کشوری نے دوشنبہ کی رات گھرمیں پھانسی لگاکر اپنی جان دیدی۔
ایس او ٹھاکرگنج سمربہادر یادونے بتایاکہ حسین آباد کے احاطہ ستارہ بیگم علاقے میں پان مسالہ تاجر شیوپرشاد اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ منگل کی صبح شیوپرشاد کی بیٹی ۲۲سالہ سونی نے خود پرمٹی کا تیل ڈال کر آگ لگالی۔ آگ کے شعلوں میں گھری سونی کو کسی طرح سے گھروالوں نے آگ سے بچایالیکن اس وقت تک وہ بری طرح جھلس چکی تھی ۔ کنبہ کے لوگ فوری طور سے اس کو علاج کیلئے ٹراما سینٹرلیکر پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے سونی کودیکھتے ہی مردہ قرار دیدیا۔
اطلاع پاکر ٹھاکرگنج پولیس بھی ٹراما سینٹرپہنچی تفتیش کے بعد پولیس نے سونی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔تذکرہ اس بات کا بھی ہے کہ سونی نے معاشقے کے سبب خودسوزی کی ہے۔وہیں گھروالوں کا کہنا ہے کہ سونی کی موت کھاناپکاتے وقت آگ کی زدمیں آنے سے ہوئی ہے ۔اس کے علاوہ سروجنی نگر کے تپوون نگر علاقے میں مزدور سنترام اپنے کنبہ کے ساتھ رہتاہے بتایاجاتاہے کہ دوشنبہ کی رات اس کی بیٹی ۱۳سالہ کم کم نے گھرمیں پھانسی لگاکر اپنی جان دیدی ۔اطلاع پر پہنچی پولیس نے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ایس او سروجنی نگر سدھیرپال نے بتایاکہ کم کم درجہ ۸کی طالبہ تھی اور اس نے بیماری کے سبب پھانسی لگاکر اپنی جان دی ہے۔