نیویارک: مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے 75 ارب ڈالر کے کُل اثاثے کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ دولت مند شخص کی حیثیت برقرار رکھی ہے ۔ فوربس میگزین نے 2016 کے ارب پتیوں کی سالانہ فہرست میں 84 ہندوستانیوں کو جگہ دی ہے جس میں ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی 36 ویں مقام کے ساتھ سرفہرست ہیں۔‘فوربس’ رسالے نے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست کا اعلان کیا ہے ، جس میں گذشتہ برس کے مقابلے میں کسی قدر کم اطلاعات درج ہیں، تاہم اس میں اُن مرد و خواتین کے نام درج ہیں جن کے پاس بے تحاشہ اثاثے ہیں۔فوربس کی اس سال کی فہرست میں 1810 ارب پتی شامل ہیں۔ بل گیٹس مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ گزشتہ 22 برسوں میں وہ 17 ویں بار اس فہرست میں پہلے نمبر پر رہے ہیں۔
گیٹس نے اپنے کُل اثاثے میں 4.2 ارب ڈالر کی کمی کے باوجود پہلا مقام حاصل کیا۔ہسپانوی کپڑے کے آڑہت کے کاروباری اور ‘زارا’ برانڈ اسٹور کے بانی، امانسیو آرٹیگا دوسرے نمبر پر ہیں، جن کے پاس 67 ارب ڈالر کا اثاثہ ہے ۔ امریکی سرمایہ کاری میں بڑا نام، وارن بوفے کا ہے ، جو تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ 60.8 ارب ڈالر ملکیت کے مالک ہیں۔ میکسیکو کے کارلوس سلم چوتھے اور ایمیزن کے سی ای او جیف بیزوس کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے ۔
اس فہرست کے مطابق مکیش امبانی ہندستان کے سب سے امیر شخص برقرار ہیں۔ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ان کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے حصص متاثر ہوئے ہیں۔ میگزین نے مکیش امبانی کو 20.6 ارب ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 39 ہزار کروڑ روپے ) کے کُل اثاثے کے ساتھ فہرست میں 36 ویں نمبر پر رکھا ہے ۔ہندستان کے جن 84 دولت مندوں نے اس فہرست میں جگہ بنائی ہے ان میں دلیپ سنگھوی 44 ویں، وپرو کے چیئرمین عظیم پریم جی 55 ویں، ایچ سی ایل کے شریک بانی شیو ناڈر 88 ویں نمبر پر ہیں۔ ان کے علاوہ لکشمی نواس متل، گوتم اڈانی، ساوتری جندل اور این آر نارائن مورتی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔فہرست میں امیر ترین خاتون، للیان بیٹن کورٹ ہیں جو کاسمیٹکس کے ادارے ،
‘لااوریل’ کی بانی ہیں۔ ان کی کمپنی کے سرمائے کا اندازہ 36.1 ارب ڈالر ہے ۔ناروے کی سرمایہ کار، الیگزینڈرا انڈرسن فہرست میں نووارد ہیں، جن کی عمر 19 برس ہے اور وہ 1.2ارب ڈالر دولت کی مالک ہیں۔ 1810 کی فہرست میں درج ناموں میں سے اُن کا نمبر1476 واں ہے ۔
ڈیوڈ روکیفیلر سینئر، معمر ترین ارب پتی ہیں، جن کی دولت کا ذریعہ تیل اور بینکاری کے کاروبار ہیں۔ 100 برس کی عمر میں اُن کے سرمائے کا اندازہ 3 ارب ڈالر ہے ، اور فہرست میں اُن کا نمبر 569 واں ہے ۔امریکہ اب بھی ارب پتیوں کی فہرست میں سب سے آگے ہے ، جہاں ارب پتی افراد کی کُل تعداد 540 ہے ۔ چین دوسرے نمبر پر آتا ہے ، جہاں 251 ارب پتی ہیں، جہاں گذشتہ سال کے دوران 70 امیر ترین افراد کا اضافہ ہوا۔جائیداد کے سرمایہ کار، ڈونالڈ ٹرمپ، جو اس سال امریکی صدارتی مہم کی سرکردہ شخصیت ہیں،
وہ دنیا کی امیرترین فہرست میں 324 ویں درجے پر ہیں۔ فوربس نے اُن کے سرمائے کا اندازاہ 4.5 ارب ڈالر لگایا ہے ۔فوربس گذشتہ 30 برس سے دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست مرتب کرتا آیا ہے ۔ رسالے کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس کی فہرست میں شامل 221 ارب پتی، اس سال شامل نہیں ہوپائے ، جن کے سرمائے میں کمی آئی اور وہ محض نو کے عدد کو چھو رہی ہے ۔ دریں اثنا، نئی فہرست میں 198 ارب پتی شامل ہوگئے ہیں۔دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست زیادہ تر ویسی ہی ہے ، جیسا کہ دو برس قبل تھی۔ فوربس کے مطابق،گذشتہ 12 ماہ کے دوران، اُن میں سے 892 کے سرمائے میں کمی واقع ہوئی، جب کہ 501 افراد ایسے تھے جو مزید امیر بنے ۔