نئی دہلی: انتہا پسند جماعت شیو سینا نے ملک کے قومی ترانے سے ’سندھ‘ کا لفظ نکالنے کا مطالبہ کردیا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیو سینا کے رکن اروند ساونت نے یہ معاملہ قومی اسمبلی (لوک سبھا) کے اجلاس میں اٹھایا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان میں ’سندھ‘ نام سے کوئی ریاست نہیں، اس لیے اس لفظ کو کسی دوسرے مناسب لفظ سے تبدیل کردیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ترانے کی پارلیمنٹ نے منظوری دی، اس لیے اسے ہی ’سندھ‘ کا لفظ نکالنے کے لیے کارروائی شروع کرنے چاہیے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کا قومی ترانہ ’جن گن من‘ نوبل انعام یافتہ ربندرا ناتھ ٹیگور نے 1911 میں تخلیق کیا تھا، جس کی 1950 میں ہندوستان کی قانون ساز اسمبلی نے منظوری دی تھی۔