اندور: مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں ایک شوہر کے ذریعے سوشل نٹ ورکنگ ویب سائٖٖٹ فیس بک کے ذریعے اشتہار جاری کرکے اپنی بیوی کو فروخت کرنے کی کوشش کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
ایرودرم پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق متاثرہ عورت نے اتوار کو دیر رات اپنی ماں کے ساتھ تھانے پہنچ کر شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کے شوہر نے فیس بک پر اسے ایک لاکھ روپے میں فروخت کرنے سے متعلق اشتہار جاری کیا ہے ۔ پولیس نے شکایت درست پائے جانے پر ملزم شوہر دلیپ مالی کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے ، جو ضلع کھرگون کا باشندہ ہے ۔
شکایت کنندہ عورت نے پولیس کو بتایا کہ 24 اپریل 2012 کو پورے رسم و رواج کے ساتھ دلیپ سے اس کی شادی ہوئی تھی۔ اس کی تین برس کی ایک بیٹی بھی ہے ۔ دلیپ پر بہت زیادہ قرض کا بوجھ ہے قرض خواہوں کے ہاتھوں پریشان کئے جانے کی وجہ سے وہ تین ماہ قبل اندور میں کرایے کے مکان چھوڑ کر اپنے والدین کے پاس اپنے گاؤں چلا گیا ، جس کے بعد متاثرہ بیوی بھی اندور کے کاویری نگر میں واقع اپنی ماں کے گھر رہنے لگی اس کے بعد اسے کل دلیپ کی اس حرکت کا پتہ چلا ، جس کے بعد اس نے تھانہ میں رپورٹ درج کرائی۔