نیو یارک؛سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے شام میں برسرزمین طاقت کے توازن کو تبدیل کرنے کے لیے حزب اختلاف (باغی جنگجوؤں) کی فوجی امداد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انھوں نے جمعرات کی شب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہاکہ ”شام کی مسلح حزب اختلاف کی حمایت میں تردد سے انتہاپسندوں کی خدمت ہوگی،انھیں فائدہ پہنچے گا اور اس سے بحران کا فوری حل اور زیادہ مشکل ہوجائے گا”۔
انھوں نے شامی رجیم کے وقت گزاری کے لیے حربوں پر انتباہ کیا اور کہا کہ مجوزہ جنیوا دوم کانفرنس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باب سات کے تحت پیش کی جانے والی قرارداد میں حوالہ دیا جائے۔سعودی وزیرخارجہ نے شامی مہاجرین کے لیے انسانی امداد بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
نیویارک میں شہزادہ سعودالفیصل کے شام کے بارے میں اس اظہار خیال سے چندے قبل امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی سے متعلق مجوزہ قرارداد سے اتفاق کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں متعین سفارت کاروں کے مطابق قرارداد پر غور کے لیے سلامتی کونسل کا جمعہ کی شام اجلاس ہورہا ہے اور اگر ہیگ میں قائم کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی تنظیم کی رپورٹ موصول ہوجاتی ہے تو اس پر آج ہی رائے شماری کا امکان ہے۔