واشنگٹن:اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اس ماہ ہونے والی اپنے امریکی دورے کو بھی منسوخ کر دیا ہے ۔ یہ اطلاع وہائٹ ہاؤس نے اسرائیلی میڈیا کی رپورٹوں کے حوالے سے دی ہے ۔ مسٹر نیتن یاہو کے اس سلوک کو ایران کے ساتھ ہونے والے نیوکلیائي معاہدے پر ناراضگی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
وہائٹ ہاؤس نے بتایا کہ دو ہفتے پہلے اسرائیلی حکومت نے مسٹر نیتن یاہو اور مسٹر اوباما کے درمیان 18 یا 19 مارچ کو ایک ملاقات کا تعین کرنے کی درخواست کی تھی اور دو ہفتہ پہلے ہی ان کی درخواست قبل کرتے ہوئے وہائٹ ہاؤس میں صدر اوبامہ سے 18 مارچ کو ملنے کا وقت دے دیا گیا تھا۔
قومی سکیورٹی محکمہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اسرائیلی وزیر اعظم کے اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ” ہم دو طرفہ میٹنگ کی تیاری کر رہے تھے لیکن میڈیا میں آ نے والی رپورٹوں سے حیرت میں ہیں کہ ہماری دعوت قبول کرنے کی بجائے مسٹر نیتن یاہو نے اپنا دورہ ہی منسوخ کر دیا ہے “۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے چینل 10 ٹی وی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسٹر نیتن یاہو اپنا امریکی دورہ منسوخ کر رہیں ہیں۔ تاہم مسٹر نیتن یاہو کے دفتر نے اس سلسلے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں دی ہے ۔