چنئی:مدراس ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے مجرم نلنی کو 24 گھنٹے کے لئے پیرول پر
رہا کرنے کی آج اجازت دے دی۔ نلنی کو اپنے باپ شنکرنارائن کے انتقال کے 16 ویں دن خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد
پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت کے لئے پیرول پر رہا کیا گیا ہے ۔
نلنی کی طرف سے تین دن کے لئے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس آر مالا نے 24 گھنٹے کی پیرول کی منظوری دی جو آج شام
چار بجے سے کل شام چار بجے تک کے لئے ہوگی۔
جسٹس مالا نے کہا کہ پیرول کی مدت کے دوران نلنی پولیس کی حفاظت میں رہے گی اور کل شام چار بجے تک ویلور جیل میں واپس آ جائیں گی۔ اس دہائی میں نلنی کو دوسری بار پیرول پررہاکیا گیا ہے ۔ اس سے قبل گذشتہ 24 فروری کو اسے اپنے والد کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لئے اسے 12 گھنٹے کی پیرول پررہاکیا گیا تھا۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل میں نلنی کو مجرم قرار دیتے ہوئے عدالت نے 28 جنوری 1998 کو پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ اپریل 2000 میں اس کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔