حفر الباطن( سعودی عرب): امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سعودی عرب کے اعلی حکام کے ساتھ بات چیت کرکے شام اور یمن میں لڑائی ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ایک سینئر امریکی اہلکار نے یہ اطلاع دی ہے ۔ مسٹر کیری کا یہ بیان امریکی صدر بارک اوبامہ کے ایک میگزین کو دیئے انٹرویو کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کوباہمی تال میل اور امن قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے حفر الباطن کے باہر عراق کی سرحد سے متصل فوجی اڈے پر سعودی عرب کے شاہ سلمان، پرنس محمد بن نائف، وزیر دفاع محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ عدیل الزبیر کے ساتھ ملاقات کی۔ مسٹر کیری نے میٹنگ کے بعد کہا،”ہم نے شام کے بارے میں بات چیت کی”۔
جنیوا میں اگلے ہفتے شام کے سلسلے میں امن مذاکرات ہونے والے ہیں جس میں سعودی عرب کی حمایت یافتہ شامی اپوزیشن گروپ شامل ہوں گے ۔ شام میں جنگ بندی معاہدے کے دو ہفتے بعد اقوام متحدہ کی ثالثی میں یہ امن مذاکرات ہونے والے ہیں۔ جنگ بندی معاہدے کے نافذ ہونے سے شام میں تشدد کے واقعات میں کمی آئی ہے لیکن یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے ۔
شام میں پانچ سال سے جاری جنگ کے دوران دو لاکھ 50 ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں شہری کا ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں ۔ ملک میں جنگ شروع ہونے بعد سے یہاں پہلی بار جنگ بندی نافذ کی گئی ہے ۔