لندن، 8 جنوری (یو این آئی) برطانیہ کے شمالی حصہ میں امریکہ کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا جس سے اس میں سوار تمام چار افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی فضائیہ کے ترجمان نے حادثہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایچ ایچ۔60 جی پیو ہاک ہیلی کاپٹر تھا جو سپھوک میں آر اے ایف لیکین ہید میں تعینات تھا اور کم اونچائی پر پرواز کر رہا تھا۔ یہ حادثہ ہندوستانی وقت کے مطابق کل رات ساڑھے 11 بجے پیش آیا۔ لندن سے 130 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شمالی نارفوک کے پاس ہیلی کاپٹر سمندری ساحل پر گیلی مٹی پر گر ا۔ فضائیہ نے چار افراد کے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔پولیس نیبتایاکہ ہیلی کاپٹر میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مادے لدے ہوئے ہیں۔ اس لئے جس جگہ یہ گرا ہے وہاں سے لوگوں کو آنے جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔ فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں وہاں پہنچ چکی ہیں۔
پہلے یہ خیال تھا کہ ہیلی کاپٹر میں کچھ خرابی آنے کی وجہ سے پائلٹ نے ایمرجنسی میں اسے کم پانی میں اتارا تھا۔ رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹی ٹیوشن نے بتایاکہ ہم سے تین لائف بوٹ بھیجنے کیلئے کہا گیا تھا لیکن جب پتہ چلا کہ ہیلی کاپٹر زمین پر گرا ہے تو انہیں منع کردیا گیا۔امریکی فضائیہ کی 48 ویں ونگ نے بتایاکہ ایچ ایچ 60 جی پیو ہاک ہیلی کاپٹر جنگ کے میدان میں راحت اور بچاؤ کے کام آتا ہے۔ امریکی فضائیہ کا یہ ونگ یورپ میں تعینات ہے۔ اس کے بیڑے میں ایف۔15 جنگی طیارے اور ایف۔15 ای کثیرمقصدی جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔