مظفر نگر : اترپردیش کے انتہائی حساس مظفر نگر شہر کے کوتوالی علاقہ میں کل دو فریقوں کے درمیان معمولی بات پر ہوئی فائرنگ اور پتھراو کے معاملہ میں پولیس نے دونوں طرف کے چند لوگوں کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کوتوالی نگر علاقہ کے نیا بانس میں رہنے والے ویشو اور عاقب کے درمیان معمولی سی بات پر کہا سنی ہونے پر دونوں فرقوں کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور دونوں طرف سے فائرنگ اور پتھراو کیا گیا تھا اس واقعہ میں چار لوگ پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے ۔ تاہم فائرنگ میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔ اسی کے مدنظر پولیس تعینات کردی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ دونوں فرقوں کے آٹھ دس لوگوں کو پولیس نے پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا ہے ۔
دریں اثنا بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لینے کے خلاف مظفر نگر شہرسے بی جے پی کے ممبر اسمبلی کپِل دیو اگروال اپنے حامیوں کے ساتھ کل رات دھرنے پر بیٹھ گئے تھے ۔ پولیس کی جانب سے بے گناہ لوگوں کو چھوڑنے کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے کل رات دو بجے کے قریب دھرنا ختم کردیا تھا۔لوگوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں بیوپاریوں نے آج بازار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر اگروال نے بتایا کہ آج صبح پولیس نے حراست میں لئے گئے پانچ لوگوں کو چھوڑ دیا ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ پولیس کی جانب سے خواتین کے خلاف طاقت استعمال کرنے سے حالات بگڑے ۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے لوگوں کو چھوڑنے کے بعد بیوپاریوں کی جانب سے آج بازار بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ شہر میں اب حالات ٹھیک ہیں۔ پولیس کا گشت جاری ہے ۔ انہوں نے ملزمان کو جلد پکڑنے کا مطالبہ کیا ہے ۔