نئی دہلی:دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے آج حج 2016 کے لئے دہلی کے عازمین کی قرعہ اندازی کا افتتاح کرتے ہوئے منتخب عازمین سے ملک میں امن ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی۔
دہلی سکریٹریٹ میں منعقدہ قرعہ اندازی کی تقریب میں مسٹر سسودیا نے مرکزی حکومت سے دہلی کے عازمین کے کوٹے میں اضافے کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ دہلی قومی راجدھانی ہے اور یہاں ملک کی تمام ریاستوں کے لوگ رہتے ہیں جس کے سبب سفر حج پر جانے والے خواہشمندوں کی تعداد دوسری ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے ۔ اس لئے راجدھانی کے عازمین کے کوٹے میں اضافہ کیا جانا انتہائی ضروری ہے ۔
انہوں نے عازمین کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال دہلی کے عازمین کا کوٹہ 1224 ہے ۔ حج 2016 کے لئے دہلی سے کل 9187درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 70 برس سے زائد عمر کے درخواست دہندگان کی تعداد 269 تھی جبکہ 114 ایسے لوگ ہیں جو پانچ برسوں سے درخواستیں داخل کررہے ہیں۔جس کے پیش نظر ان دونوں زمرے کے 383عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر براہ راست سفر حج کے لئے انتخاب عمل میں آیا ۔ 1466 افراد ایسے ہیں جو گذشتہ چار برسوں سے سفر حج جانے کے لئے درخواستیں دے رہے ہیں، ان لوگوں اور عام زمرے کے درخواست دہندگان کے لیے قرعہ اندازی کی گئی ۔
مسٹر سسودیا نے حج امور سے متعلق دہلی حکومت کے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت عازمین کو سہولت فراہم کرانے کے لئے ہرممکن مدد کرتی ہے ۔ یہاں تک کہ فی 200 حاجیوں پر ان کی خدمت کے لئے دہلی حکومت کا ایک افسر سعودی عرب بھیجا جاتا ہے ۔
وزارت اقلیتی امور کے جوائنٹ سکریٹری راکیش موہن نے تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محکمے میں حج امور کی منتقلی کا عمل جاری ہے اور اس منتقلی سے عازمین کو پہلے کے مقابلے کافی سہولتیں حاصل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2006 میں وزارت اقلیتی امور کے قیام کے بعد سے حج امور کو اس وزارت میں لانے کی کوششیں شروع ہوگئی تھیں، جس کے لئے سابق مرکزی وزرا، غلام نبی آزاد، سلمان خورشید اور کے رحمان خان وغیرہ نے اس وقت کافی کوششیں کی تھیں مگر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہیبت اللہ کی کوششیں آخرکار رنگ لائیں اور حکومت نے اسے منظور کرلیا۔
مسٹر راکیش موہن نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور کا ملیشیا کی طرز پر حج کارپوریشن آف انڈیا قائم کرکے حج امور سے متعلق ایک جامع نظام تیار کرنے کا منصوبہ ہے ، جس سے عازمین کو کافی فائدہ ہوگا۔ مسٹر راکیش موہن نے بتایا کہ سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے وہاں کے حکام سے ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے عازمین کے کوٹے میں اضافہ کرنے کی درخواست کی تھی اور حکومت ہند کی یہ کوشش جاری ہے ۔ آبادی کے تناسب سے ہندوستانی عازمین کا کوٹہ ایک لاکھ 93 ہزار ہونا چاہئے ۔ جبکہ یہ کوٹہ اس وقت ایک لاکھ 36 ہزار ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے عازمین کے کوٹے میں 20 ہزار کا اضافہ کرنے سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے اور انہیں آئندہ مہینے اس سمت میں خوشخبری ملنے کی امید ہے ۔دہلی کے وزیرعمران حسین نے قرعہ اندازی میں سفر حج پر جانے کے لئے منتخب ہونے والوں کو مبارک باد پیش کی۔قرعہ اندازی کی تقریب کے اہم شرکا میں وقف ڈولپمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر بدرالدین خان، دہلی کے ممبر اسمبلی حاجی اشراق، کونسلر سیما طاہرہ، ڈویژنل کمشنر اے امبراسو کے علاوہ عازمین کی خدمات کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے اراکین شامل تھے ۔