ممبئی (وارتا)بالی ووڈ ادارکار فرحان اختر نے نہ صرف فلمسازی ، ہدایت کاری بلکہ اپنی زبردست اداکاری سے بھی ناظرین کے درمیان خاص پہچان بنائی ہے۔ ۹؍جنوری ۱۹۷۴کو ممبئی میںپیدا ہوئے فرحان اختر کے والد جاوید اختر معروف شاعر ، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائیٹر ہیں۔ فرحان اختر کی ماں ہنی ایرانی اسکرین رائیٹر ہیں۔ اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں فرحان اختر لمحے اورہمالیہ پتر جیسی فلموں کے معاون ہدایت کار رہے۔ ۱۹۹۹ میں فرحان اختر نے ریتیش سدھوانی کے ساتھ ملکر ایکسل انٹر ٹینمنٹ بینر قائم کیا جس کے تحت انھوں نے ۲۰۰۱ میں دل چاہتاہے فلم بنائی ۔ نوجوانوں پر مبنی اس فلم کی ہدایت کاری فرحان اخترنے کی تھی ۔ عامرخان ، پریتی زنٹا ، سیف علی خان اوراکشے کھنہ کے مرکزی کردار والی یہ فلم ناظرین کو بیحد پسند آئی ۔ ساتھ ہی اسے بہترین فلم کا نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔
۲۰۰۴ میں فرحان اختر نے ’لکش‘فلم
ہدایت کاری کی اس فلم میں امیتابھ بچن اورریتک روشن نے مرکزی کرداراداکیاتھا۔ فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ ۲۰۰۶ میں فرحان اختر نے شاہ رخ خان کو لیکر ڈان کی ریمیک بنائی۔ یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی ۔
۲۰۰۸ میں فرحان اختر نے راک آن فلم بنائی۔اس فلم کیلئے بطورفلمساز فرحان کو اپنے کیریئر کادوسرا نیشنل ایوارڈ ملا۔ ابھیشیک کپور کی ہدایت میںبنی اس فلم میں فرحان اخترنے اداکارکے طور پربھی کام کیا تھا جوبطوراداکاران کی پہلی فلم تھی۔ راک آن کے بعد فرحان اختر نے لک بائی چانس ،کارتک کالنگ کارتک اور گیم جیسی فلمیں بنائیں لیکن یہ فلمیں بے اثر ثابت ہوئیں۔ ۲۰۱۱ فرحان اخترکے کیریئر کا اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال فرحان اختر کی فلم ڈان ۲ ؍اورزندگی نہ ملے گی دوبارہ میں قابل ذکر کامیابی حاصل کی۔ ۲۰۱۳ میں آئی فلم بھاگ ملکھا بھاگ سے بطوراداکارفرحان اختر نے فلم انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنالی۔ راکیش اوم پرکاش مہرا کی ہدایت میں بنی اس فلم میںفرحان اختر نے ملکھا سنگھ کے کردارکو سلوراسکرین پر زندہ کردیا۔ بھاگ ملکھا بھاگ نے باکس آفس پر ۱۰۰کروڑ روپئے سے زیادہ کی کمائی کی۔بھاگ ملکھابھاگ کی کامیابی کے بعد فرحان اختر اپنا دھیان اداکاری کی طرف زیادہ مرکوز کررہے ہیں۔ فرحان کی آنے والی فلموںمیں شادی کے سائڈ ایفیکٹس ، بامبے سمرائی اوررئیس اہم ہیں۔ شادی کے سائڈ ایفیکٹس میں فرحان کے اپوزٹ ودیا بالن جب کہ بامبے سمرائی میں کرینہ کپور ہیں۔ فرحا ن ان دنوں اپنی سپرہٹ فلم ڈان کے تیسرے ایڈیشن کی تیاری بھی کررہے ہیں۔