لکھنؤ: اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات سے پہلے عوام کا مزاج سمجھنے کے لئے ریاست کے وزیر اعلی اکھلیش یادو اپنے دورے پر نکلیں گے ۔ ریاست میں برسراقتدار سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی ریاستی یونٹ کے صدر اکھلیش یادو اس دوران ترقیاتی منصوبوں اور بڑے پیمانے پر فلاحی پروگراموں کی زمینی حقیقت جاننے کے ساتھ ساتھ لوگوں سے براہ راست بات چیت کرکے رائے بھی طلب کریں گے ۔ پارٹی ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے ‘یواین آئی کو بتایا کہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں اب بہت زیادہ وقت نہیں بچا ہے ۔ اب حکومت کا زور گزشتہ انتخاباتی منشور میں کئے گئے اہم وعدوں کو پورا کرنے کے ساتھ آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے اور لکھنؤ میٹرو جیسے بڑے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر ہے ۔
مسٹر یادو کے دورے کا خاکہ تیار کیا جا رہا ہے ۔ کچھ اضلاع میں ان کے جلسے بھی کرانے کی تیاری چل رہی ہے . ویسے تو بجٹ اجلاس کے فورا بعد ہی وزیر اعلی کا دورہ کرنے کا پروگرام بنایا جا رہا تھا لیکن ممکن ہے مارچ کے آخری ہفتے میں دورہ شروع کریں گے ۔ اس دورہ کا مقصد یہ بھی ہے کہ الیکشن میں حریف پارٹی کو حاوی ہونے کا موقع نہ مل سکے اور حکومت یہ کہہ سکے کہ جو کہا وہ کر کے دکھایا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعلی تمام اضلاع کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ اس بار وہ اسمبلی انتخابات میں بلاک سطح پر ہی ریلیاں کریں گے ۔ان اضلاع سے لے کر دور دراز کے علاقوں تک لوگوں سے رابطہ کرنے کی ذمہ داری وزیر اعلی اکھلیش یادو پر ہی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے قابل اعتبار رہنماؤں کو وزیر اعلی کا ایسا پروگرام تیار کرنے کو کہا گیا ہے جس سے وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی بات پہنچا سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی اس لئے بھی جلد سے جلد اضلاع کے دورہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر کہیں سے کسی طرح کا منفی ردعمل ملتا ہے تو وقت رہتے ہوئے اسے درست کیا جا سکے ۔ اضلاع کے دورے کے دوران بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی کے دورے کا ایک مقصد اگلے سال کے بجٹ میں مجوزہ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرانا بھی ہے تاکہ انتخابات میں اس کا فائدہ مل سکے ۔ وزیر اعلی انتظامیہ اور پولیس حکام سے قانون وانتظام کو چاق و چوبند رکھنے کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات کی معلومات لینے کے ساتھ ساتھ سنگین جرائم کے معاملے میں کی گئی کارروائیوں کے بارے میں اٹھائے گئے اقدامات کی بھی معلومات حاصل کریں گے ۔