نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی رنگوں کے تہوار ہولی کے دن microblogging سائٹ ‘ٹوئٹر’ پر دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کے ‘فالوور’ بن گئے ۔ مسٹر کیجریوال نے خود ٹویٹ کرے ذریعہ یہ معلومات دی۔ انہوں نے کہاکہ “نریندر مودی سر، مجھے فالو کرنے کے لئے شکریہ۔ ہولی کی نیک تمنائیں۔ آج گلے شکوے بھولنے کا دن ہے ۔ امید ہے کہ مستقبل میں مرکز اور دہلی کے تعلقات بہتر ہوں گے ۔ ” دہلی کے وزیر اعلی پہلے سے ہی ٹویٹر پر وزیر اعظم کے فالوور ہیں۔ مسٹر مودی اور مسٹر کیجریوال ٹویٹر پر خاصے مقبول ہیں۔ ٹویٹر پر وزیر اعظم کے ایک کروڑ 88 لاکھ سے زیادہ فالوورہیں۔ خود وہ 1371 لوگوں کو فالو کرتے ہیں جن میں بہت سے غیر ملکی رہنما بھی شامل ہیں۔ مسٹر مودی ٹوئٹر پر انتہائی فعال ہیں اور ان کے اکاؤنٹ میں دس ہزار 700 سے زائد ٹویٹ ہیں۔ دوسری طرف مسٹر کیجریوال کے 72 لاکھ سے زیادہ فالوور ہیں اور وہ محض 147 لوگوں کو فالو کرتے ہیں۔ انہوں نے ابھی تک 10641 ٹویٹ کئے ہیں۔ کیجریوال حکومت اور مودی حکومت کے درمیان کئی معاملات پر ٹھنی ہوئی ہے ۔ دہلی کی حکومت الزام لگاتی رہی ہے کہ مرکزی حکومت لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ اسے مسلسل پریشان کر رہی ہے اور کام نہیں کرنے دے رہی ہے ۔