عدن:یمن کے جنوبی شہر عدن میں سیکورٹی چوکیوں کو نشانہ بناکر کئے گئے سلسلہ وار تین خود کش بم دھماکے میں کم از کم 26 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور دس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری خونخوار دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش)نے لی ہے ۔ سیکورٹی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ پہلا دھماکہ شمال مغربی عدن کے بریقہ علاقے کے ایک سیکورٹی چوکی پر اس وقت ہوا جب دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک ایمبولنس وہاں پہنچی۔ اس دھماکے میں فوجیوں اور شہریوں سمیت تقریبا 14 لوگوں کی موت ہو گئی۔ دو دیگر دھماکے سعودی قیادت والے فوجی اتحاد کی طرف سے استعمال کی جانے والی ایک سڑک پر بنی چوکی پر ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق اس میں 12 افراد کی موت ہو گئی، حالانکہ اس میں اتحادی افواج کے کسی اہلکار کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے ۔عدن کی مقامی حکومت کے ترجمان نجار انور نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اتحاد کمانڈ کو نشانہ بنایا تھا لیکن چوکی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے اس نشانے کو ناکام کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں 20 افراد کی موت ہو گئی جس میں زیادہ تر شہری شامل ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ سے وابسطہ خبر رساں ایجنسی اماق نے بتایا کہ گروپ کے یمن ونگ نے اس کی ذمہ داری لی ہے اور اس میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔